اننت ناگ //جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے جج اور ایگزیکٹو چیئرمین ، جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی ، جسٹس علی محمد ماگرے نے اننت ناگ میں میگا لیگل سروسز کیمپ اور آگاہی پروگرام کا افتتاح کیا۔جسٹس ماگرے جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ، کے ہمراہ جموں و کشمیر کے ہائی کورٹ کے جج جسٹس ونود چیٹرجی کول بھی تھے۔ اس پروگرام کا اہتمام ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی اننت ناگ نے ضلعی انتظامیہ اننت ناگ کے اشتراک سے کیا تھا۔جسٹس ماگرے نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے لئے انصاف تک رسائی ضروری ہے اور قانونی خدمات کے کیمپ کے انعقاد میںاس نئے ماڈل کی ضرورت ہے جو نہ صرف لوگوں کو ان کے حقدار اور اس سے متعلق طریقہ کار کے پہلوؤں سے آگاہ کرے گی بلکہ فلاحی منصوبوں سے بھی مربوط کرے گی۔جسٹس کول نے اپنے خطاب میں اس طرح کے میگا ایونٹ منعقد کر کے قانونی خدمات کے ادارے دور دراز علاقوں تک پہنچ جائیں گے تاکہ کمزور اور ناداروں کو قانونی امداد فراہم کی جاسکے۔ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ، انشل گرگ نے اپنے خطاب میں حکومت کی مختلف سکیموں پر روشنی ڈالی اور مہمان خصوصی کو اب تک کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصیر احمد ڈار نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ، جبکہ سیکریٹری ڈی ایل ایس اے اننت ناگ نے رافعہ حسن نے شکریہ ادا کیا۔کیمپ کے دوران ، ضلعی انتظامیہ اننت ناگ نے مختلف کاموں کا ایک نمائش کا اہتمام کیا تھا۔ مہمان خصوصی نے ہر اسٹال کا دورہ کیا ۔اس تقریب میں سیکڑوں افراد موجود تھے اور انہیں قانونی پہلو کے امکانات کے ساتھ ساتھ مرکزی اور ریاستی فلاحی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا تھا۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے وہاں موجود مستفید افراد میں مختلف اسکیموں کے تحت اسناد اور امداد تقسیم کیں۔ مختلف اسکیموں کے تحت موقع پر ہی ایک ہزار (1000) افراد کو مراعات فراہم کی گئیں۔قانونی محکموں ، زراعت ، فلوریکلچر ، باغبانی ، بلدیہ ، ریونیو ، محکمہ لیبر ، محکمہ سوشل ویلفیئر ، بھیڑ اور جانور پالنے ، ماہی گیری ، دستکاری اور دستکاریوں ، دیہی ترقی ، آئی سی ڈی ایس ، آئی سی پی ایس ، موٹر وہیکلز اور صحت وغیرہ کے 24 اسٹالز تھے۔ پروگرام میں ایم کے شرما ، ممبر سکریٹری جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی ، اتول کمار گوئل ، ڈی آئی جی ایس کے آر خلیل احمد چودھری نے بھی شرکت کی۔ کیمپ کا افتتاح کرنے سے قبل ، جسٹس ماگرے نے سرنل میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس اننت ناگ کے لئے مجوزہ سائٹ کا دورہ کیا ۔ اس کے بعد ، انہوں نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ضلع میں عدالتی انفراسٹرکچر کے حوالے سے ایک میٹنگ کی۔
بانڈی پورہ میں60کیس حل
بانڈی پورہ/عازم جان //بانڈی پورہ کے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس میں سنیچر وار کونیشنل لوک کا انعقاد ہوا جس میں 90 میں سے 60 معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیاگیا اور 280500روپئے بطور معاوضہ وصول کیا گیا ۔لوک عدالت کا پہلا بنچ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عدالت میں پرنسپل اینڈ سیشن جج سید سرفراز حسین شاہ کی سربراہی میں منعقد ہوا ، دوسرا بنچ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ اقبال احمد مسعودی اورتیسرا بنچ منصف توفیق احمد میر کی قیادت میں منعقد ہوا ۔ ایک اور بنچ سمبل سوناواری کی منصف عدالت میں چیئرمین تحصیل لیگل سروسز کمیٹی ظہیر احمد گنائی کی سربراہی میں منعقد ہوا جہاںلوگوں نے اس عمل کو سراہا ہے ۔