عظمیٰ نیوزسروس
پونچھ// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور افتادہ علاقے نندی چول کا دورہ کیا جہاں حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔اُنہوں نے غمزدہ ماحول میں متاثرہ اور سوگوار کنبوں سے ملاقات کی، ان سے اس المناک حادثے کی رود اد سنی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے متاثرہ کنبوں کو یقین دِلایا کہ حکومت دُکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ وزیر موصوف نے قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک سانحے نے پورے ضلع کو غمگین کر دیا ہے اور یقین دلایا کہ حکومت اس مشکل اور کٹھن وقت میں ہر متاثرہ کنبے کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’اپنے کسی عزیز کو کھونے کا دُکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا لیکن میں ہر سوگوار کنبے کو یقین دِلانا چاہتا ہوں کہ حکومت دُکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم ہر ممکن اِمداد فراہم کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہیں کہ ہر متاثرہ کنبہ کو اَپنی زِندگی وقار کے ساتھ دوبارہ تعمیر کرنے کے لئے درکار اِمداد حاصل ہو۔‘‘جاوید رانا نے زمینی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی اِنتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ متاثرین کو فوری اِمداد، مناسب بازآبادکاری اور متوفین کے ورثأ کو ایکس گریشیا مالی اِمداد کی بروقت اَدائیگی یقینی بنائی جائے۔ اُنہوں نے نقصانات کے مکمل جائزے اور متاثرہ علاقوں میں بنیادی خدمات کی جلد بحالی کے احکامات بھی جاری کئے۔اُنہوں نے محکمہ جل شکتی، آبپاشی و فلڈ کنٹرول اور محکمہ جنگلات کے اَفسران کو ہدایت دی کہ حساس علاقوں میں فوری احتیاطی اَقدامات کئے جائیں تاکہ جاری مانسون کے دوران مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔دورے کے دوران وزیر جاوید احمد رانا کے ہمراہ سابق ڈِی ڈِی سی ریاض بشیر ناز اور دیگر ممتاز شہری بھی تھے۔ اِس موقعہ پر ریونیو، دیہی ترقی، پی ڈبلیو ڈِی، جل شکتی، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول اور محکمہ جنگلات کے اَفسران بھی موجود تھے۔
وزیر جاوید احمد رانا کا لورن اْڑیگام کا دورہ
قدرتی آفت کے متاثرین سے اظہارِ تعزیت
عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //جموں و کشمیر کے وزیر برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امور جاوید احمد رانا نے پیر کے روز مینڈھر سب ڈویژن کے لورن اْڑیگام علاقے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ قدرتی آفت میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے اس سانحہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔وزیر موصوف نے مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ہر ممکن امداد، تعاون اور سہولت فراہم کرے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔جاوید احمد رانا نے متعلقہ ضلعی اور محکمہ جاتی حکام کو ہدایت دی کہ قدرتی آفت سے متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد، بازآبادکاری اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں تاکہ عوام کو بروقت سہولیات میسر آ سکیں۔دورے کے دوران وزیر نے متاثرہ علاقوں کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں حکام سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بحالی کے جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی، ضروری خدمات کی فراہمی اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت قدرتی آفات سے متاثرہ تمام خاندانوں کی ہر ممکن مدد کے لیے پوری طرح پْرعزم ہے اور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، فوری ریلیف اور دیرپا بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔