بارہمولہ//رفیع آباد بارہمولہ میں جانباز پورہ سے بنر تک سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے جس کے نتیجے میںٹر انسپورٹروں ،مسافروں اور طلاب کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جانباز پورہ سے بنر سڑک کئی مقامات پر خستہ ہو چکی ہے۔ لوگوں کے مطابق سڑک کی مرمت کی خاطر کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے ۔ مشتاق احمد نامی ایک ٹرانسپورٹرنے بتایا کہ سڑک کی موجودہ حالت اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ اب ٹریفک کی نقل و حرکت مشکل بن چکی ہے ۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں جبکہ دوران سفر ٹرانسپورٹروں ، مسافروں اور طلاب کو انتہائی تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بارشوں سے سڑک جھیل کا منظر پیش کررہی ہے ۔مقامی آبادی کے مطابق اگر چہ انہوں نے کئی مرتبہ محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کو معاملے سے آگاہ کیا تاہم اس سڑک رابطے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سڑک کی جلد از جلد مرمت کرانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔