عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر ضلع اُدھم پور کےجکھینی چوک کے قریب جمعہ کو ایک تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو کر مسافر بس سمیت پانچ دیگر گاڑیوں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ بس میں سوار کئی مسافر معمولی زخمی ہوئے۔اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری سے آ رہا ٹرک اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا اور سب سے پہلے ایک مسافر بس سے ٹکرا گیا۔تصادم کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرک بس سے ٹکرانے کے بعد بھی نہ رکا اور سڑک پر کھڑی یا گزرنے والی مزید پانچ گاڑیوں سے جا ٹکرایا، جس سے ان گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔حادثے میں بس میں سوار کئی مسافر معمولی زخمی ہوئے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق ٹرک انتہائی تیز رفتاری سے چل رہا تھا اور بے قابو ہونے کے بعد اس نے یکے بعد دیگرے کئی گاڑیوں کو ٹکر ماری، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں جبکہ شاہراہ سے تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹانے کے لیے کرینوں کی مدد لی گئی۔حادثے کے باعث جموں۔سری نگر قومی شاہراہ پر تقریباً نصف گھنٹے تک ٹریفک کی آمدورفت متاثر رہی، تاہم بعد ازاں شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔