رام بن//ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے مامور کی گئی ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے مزدوروں اور ورکروں نے گُزشتہ تین مہینوں سے اُجرت نہ واگُذار کرنے اوردیگر مطالبات پر غیر معینہ عرصہ تک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے ۔احتجاجی مزدوراور کارکنان گزشتہ چار دنوں سے انتظامیہ کے رویہ کے خلاف ہڑتال پر ہیں۔ان ورکروں کا الزام ہے کہ اُجرتوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے وہ بھکمری کے شکار ہوئے ہیں۔ان کا یہ بھی الزام ہے کہ اُجرتوں کی ادائیگی نہ ہونے سے انکے بچے اپنی ماہانہ فیس سکولوں میں جمع نہیں کر سکتے ہیں جسکی وجہ سے انکا تعلیمی کیرئیر تباہی کے دہانے پر ہے کیونکہ سکول انتظامیہ نے ا نکو فیس ادا نہ کرنے کی صورت میں سکول میں داخل نہ ہونے کی تنبیہ کی ہے۔ کمپنی کے ساتھ کم کر رہے ایک مزدور نے الزام لگایا کہ انتظامیہ مزدوروں کا استحصال کر رہی ہے۔اُس نے کہا کہ جب ہمیں بر وقت اُجرت حاصل نہیں ہوگی تو ہمارے کام کرنے کا کون سا فائدہ ہے۔دوسری جانب کمپنی کی انتظامیہ نے ہڑتالی کارکنوں سے کام پر لوٹنے کی اپیل کی ہے ا ور انہیں یقین دہانی دلائی ہے کہ مالی بحران ختم ہونے کے بعد ہی انکی اجرت واگزار کردی جائے گی ۔