بانہال //فور لین بانہال قاضی گنڈ ٹنل پہلی بارپورے ایک دن کیلئے مکمل آزمائشی آمد و رفت کیلئے کھول دی گئی ہے۔ سطح سمندر سے5800فٹ کی بلندی پر تعمیر کی گئی فورلین ٹنل،موجودہ جواہر ٹنل کے متبادل کے طور پر تیار کی گئی ہے، جو ہر موسم میں کھلی رہے گی۔ زمینی ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے’’جموں کشمیر کے تعمیراتی منصوبے میں ایک سنگ میل عبسور کرلیا گیا ہے، قاضی گنڈ اور بانہال کے درمیان 8.5کلو میٹر لمبی ٹنل آزمائشی آمد و رفت کیلئے مکمل طور پرکھول دی گئی، ٹنل قاضی گنڈ اور بانہال کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے کا وقت بچانے کیساتھ ساتھ 16کلو میٹر کی مسافت بھی کم کرے گی‘‘۔ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا’’اس ٹنل کے مکمل ہونے سے جموں کشمیر کے شہریوں کو ہر موسم میں چلنے پھرنے میں آسانی ہوگی اور شاہراہ بند ہونے کی رکاوٹیں دور ہونگی‘‘۔چند روز قبل فور لین ٹنل سے 24گھنٹوں تک آزمائشی طور پر گاڑیوں کو آنے جانے کی اجازت دی گئی جس میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کو 24گھنٹوں کی ٹرائل دی گئی جس کے دوران جموں سے سرینگر آنے والی تقریباً 4800 چھوٹی بڑی مسافر و مال بردار گاڑیاں ٹنل کے راستے نکلیں جبکہ قاضی گنڈ سے جموں کی طرف قریب 1500چھوٹی بڑی گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ٹنل کے کھولنے کے بعد بڑی مال بردار گاڑیوں کو بانہال پہنچنے میں ڈیڑھ گھنٹہ جبکہ چھوٹی گاڑیوں کو ایک گھنٹے کے وقت لگتا تھا۔نوگیہ انجینئرنگ کمپنی لمیٹیڈ کے چیف انجینئرمنیب ٹاک کا کہنا ہے کہ مکمل اور باضابطہ طور پر ٹنل کے دونوں ٹیوب 24گھنٹے تک کھول دیئے گئے اور 24گھنٹوں تک گاڑیوں کو فور لین ٹنل سے چلنے ک اجازت دی گئی اور یہ آزمائشی آمد و رفت کا سلسلہ جمعہ کی صبح 10بجے تک جاری رہا۔24گھنٹے تک آزمائشی طور پر ٹریفک چلانے سے قبل حکام بہت محدود پیمانے پر بڑی مال بردار گاڑیوں کو یہاں سے چلنے کی اجازت دیتے رہے اور وہ بھی آزمائشی طور پر، اور ایسا بیچ بیچ میں ٹنل کو مکمل طور پر کھولنے سے قبل قریب 15روز تک کیا جاتا رہا ہے۔فور لین ٹنل پر 2011میںنویوگ انجینئرنگ لمیٹیڈ کمپنی نے کام کا آغاز کیا تاکہ بانہال اور قاضی گنڈ کے درمیان 16کلو میٹر کی مسافت کم ہوسکے۔یہ پروجیکٹ (تعمیر،چالو اور منتقل) کے ماڈل پر دھویں کو تحلیل کرنے کے سسٹم کیساتھ شروع کیا گیا ہے۔اسکی بدولت ٹنل میں گاڑیوں کے چلنے کی وجہ سے جو گیس خارج ہوتا ہے اس میں مدد ملے گی اور ٹنل میں تازہ ہوا آنے کیلئے 126جٹ پنکھے لگائے گئے ہیں نیز کسی بھی طرح کی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے 234سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔اسکے علاوہ ٹنل کے دونوں ٹیوبوں میں آگ بجھانے کے آلات نصب کئے گئے ہیں۔فور لین ٹنل کے دہانوں پر بھاری برفباری کے دوران پسیاں آنے کے امکانات نہیں ہیں۔