جموں //جموں یونیورسٹی ایس سی/ایس ٹی ایمپلائز ایسو سی ایشن نے ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک سے ترقیوں میں ریزرویشن کے حکم کو جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک پریس بیان کے مطابق جموں یونیورسٹی ایس سی/ایس ٹی سٹاف کی جانب سے بھیم رائو امبید کر کی128 ویں سالگرہ منانے کے لئے منعقدہ ایک تقریب میں ایسو سی ایشن نے بابا صاحب کو ایک بھارتی جج، سیاست دان ، فلسفہ دان ، مورخ اور آئین ہند کا معمار قرار دیا۔پروگرام کی صدارت ایسو سی ایشن کے صدر آر ایل کیتھ نے کی ،جس میں طبقہ کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے اس موقعہ پر بابا صاحب کی خدمات کو اجا گر کیا اور جموں یونیورسٹی کی جانب سے یو جی سی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری سرجیت سنگھ ہیر نے اس موقعہ پر کہا کہ ایسو سی ایشن کے مطالبات پر تا دم کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے،حالانکہ یونیورسٹی کی رجسٹرار نے اصولی طور پر اسے تسلیم کرنے سے اتفاق کیا تھا ۔ ایسو سی ایشن نے اس طبقہ کے ساتھ ناانصافی کے مترادف قرار دیا ۔ایس و سی ایشن نے ریاست کے گورنر سے محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کو ترقیوں میں ریزرویشن کو جاری کرنے کے لئے حکم جاری کرنیکی ہدایت دینے کو کہا ہے۔پروگرام میں ملکھی رام ملہوترہ، بکرم مگوترہ، منظور محمد ملک، اشوک کمار،ایس کے شووترہ، ٹھورو رام منگلو، رمیش دلوترہ،انیل شووترہ اور انیل کمار نے بھی شرکت کی۔