بانڈی پورہ//عازم جان //دفعہ370اور35اے منسوخ کرنے کے بعد جموں کشمیر میں ترقیاتی محاذپرجمودچھایا ہواہے اوربیرونی وفود یہاں سیرسپاٹے کیلئے آتے ہیں۔ پارلیمنٹ ممبر محمد اکبرلون نے بانڈی پورہ میں تنظیمی انتخابات کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو روزگار ودیگر بنیادی ضروریات سڑک، پانی وغیرہ سے محروم رکھا گیا ہے اور حکومت آئے روز ملازم کش ودیگر سخت قوانین کو نافذ کرکے عوام پر عتاب ڈھانے کی پالیسی عمل پیرا ہے ۔ لون نے کہا کہ ہم الیکشن میں حصہ لیں گے اور دفعہ 370اور 35اے کی واپسی کے لیے لڑیںگے اور سپریم کورٹ میں قانونی لڑائی جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اپنی پارٹی کا وجود ہی وادی میں نہیں ہے بلکہ ان پارٹیوں کا وجود یہاں صرف میڈیا بیانات تک محدود ہے ۔ادھرنیشنل کانفرنس تنظیمی الیکشن کے سلسلے میں حلقہ انتخاب حضرتبل، گلمرگ ،بانڈی پورہ ،سوناواری کے 10بلاکوں کے چنائو عمل میں لائے گئے۔ ضلع سرینگر کے حلقہ انتخاب حضرتبل کے ایک بلاک کے الیکشن میں غلام محی الدین بٹ کو بلاک صدر چنا گیا۔ گلمرگ بلاک ابورامیں عبدالمجید لون کو بلاک صدر چنا گیا۔ حلقہ انتخاب بانڈی پورہ کے آلوسہ اور اشٹنگو کے علاوہ سوناواری کے 6بلاکوں حاجن، سمبل، نائید کھائی، صفا پورہ، گنستان اور نوگام کے بلاک صدور کا چنائو پارٹی کی سینئر لیڈر سکینہ ایتو کی نگرانی میں منعقد ہوئے۔ ان بلاکوں کیلئے عبدالاحد گنائی، عبدالرحمن کوچھے، عبدالمجید لون، سجاد رفیق صوفی، عبدالرحمن بیگ، محمد یوسف پترو بلاک صدور منتخب ہوئے۔