ایجنسیز
نئی دہلی// صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہفتہ کے روز گوا کے عوام کو یومِ ریاست کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گوا ’’وکست بھارت‘‘ (ترقی یافتہ بھارت) کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔گوا، جو پہلے گوا، دمن اور دیو کے مرکز کے زیر انتظام علاقے (یونین ٹیریٹری) کا حصہ تھا، کو آج ہی کے دن 1987 میں مکمل ریاست کا درجہ دیا گیا تھا۔صدر مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر اپنے پیغام میں کہاِ’’یومِ ریاست کے موقع پر گوا کے عوام کو دلی مبارکباد! گوا نہ صرف اپنی شاندار ثقافتی وراثت اور مہمان نوازی کے لیے مشہور ہے بلکہ تعلیم، ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس اور پائیدار ترقی کے میدان میں اپنی نمایاں پیش رفت کے باعث بھی منفرد مقام رکھتا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ جدت طرازی، ماحولیاتی تحفظ اور ہمہ گیر ترقی کے عزم کے ساتھ گوا وکست بھارت کی تعمیر میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔صدر جمہوریہ نے گوا کے عوام کے لیے مسلسل خوشحالی، ترقی اور خوشیوں کی بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔