سرینگر//جموںوکشمیر امور کی آل انڈیا کانگریس کمیٹی انچارج رجنی پاٹل نے پردیش کانگریس لیڈران سے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ کے این ایس کے مطابق جمعرات کو پردیش کانگریس کے صدر دفتر میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ممبر پارلیمنٹ رجنی پاٹل ، پردیش صدر غلام احمد میر، کانگریس ورکنگ کمیٹی ممبر طارق حمید قرہ، پردیش کانگریس نائب صدر حاجی عبدالرشید ڈار، گلزار احمد وانی، جی این میر لسجن، جنرل سیکریٹریز سرندر سنگھ چھنی، شمیمہ اقبال اور دیگر سینئر لیڈران کے علاوہ ضلع صدور عبدالغنی خان، امتیاز پرے، ساحل فاروق، فاروق احمد بٹ، فیاض احمد میر، مشتاق احمد کھانڈے، عمر جان نے شرکت کی۔ میٹنگ میں رجنی پاٹل نے تنظیمی امور اور سرگرمیوں کا کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی میں نظم و ضبط برقرار رکھا جائے اور جو تمام لیڈروں اور کارکنوں کی ترجیح ہونی چاہئے ۔انہوںنے خبردار کیاکہ بدنظمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اس موقعہ پر غلام احمد میر نے آنے والی ممبر شپ مہم 2021-2022پر لیڈروں سے تبادلہ خیال کیاجسے اگلے مہینے شروع کیا جارہا ہے جس کا فیصلہ کانگریس ورکنگ کمیٹی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں ہوا تھا۔ میٹنگ میں مرکزی حکومت کو ہدف تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جموںوکشمیر میں23فیصد بے روزگاری ہے جو ملک میں سب سے زیادہ ہے، پیٹرول، ڈیزل کی ہوشربا قیمتوںمیں اضافہ اور جموںوکشمیر میں تعمیر و ترقیاتی سرگرمیوں کی عدم دستیابی پر تشویش کااظہار کیا گیا۔ میٹنگ میں ڈوڈہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں انسانی جانوںکے زیاں پر رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی گئی اور مطالبہ کیا کہ لواحقین میں امداد فراہم کی جائے۔