عظمیٰ نیوز سروس
جموں// بھدرواہ سے دو ریٹائرڈ پرنسپل رمیش چندر کھجوریہ اور کرشن کمار کوتوال پارٹی ہیڈ کوارٹر تریکوٹہ نگر جموں میں منعقدہ ایک پروگرام میں بھدرواہ سے بھونیشور شرما، ورون، ارون اور درجنوں دیگر افراد کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوئے۔رویندر رینا نے نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیوں کی توثیق اور سماج میں ہر کوئی اسے قبول کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی بلا تفریق مذہب اور علاقہ بی جے پی میں شامل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام سرکردہ افراد نے علاقے میں ترقی کو بڑھانے کے لیے بی جے پی کو مزید مضبوط کرنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا ذکر کیا جیسے سڑکوں کے جال میں اضافہ، آیوشمان کارڈ، پنشن، کسان سمان ندھی، پی ایم آواس یوجنا وغیرہ تاکہ ضرورت مندوں کو ان کی معاشی پسماندگی سے نجات دلائی جاسکے۔رینا نے کہا کہ مودی حکومت جموں و کشمیر میں ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس’ لائن کے ساتھ ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ڈبلیو پی آر، گورکھوں، گجر بکروالوں، خواتین، او بی سی، پہاڑیوں، جاٹوں کے حقوق کو یقینی بنایا ہے جس سے تقریباً ہر اس طبقے کو فائدہ پہنچے گا جنہیں دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا تھا۔رویندر رینا نے کہا، “بی جے پی بغیر کسی تعصب کے ہر فرد کے ساتھ یکساں ترقی اور انصاف کو یقینی بنائے گی اور ایک خوشحال جموں و کشمیر کو یقینی بنائے گی”۔
نریش سنگھ آئی ٹی پربھاری کے طور پر نامزد
عظمیٰ نیوز سروس
جموں// سینئر بی جے پی لیڈر نریش سنگھ جسروٹیا کو پربھاری انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، بھارتیہ جنتا پارٹیجموں و کشمیر نامزد کیا گیا ہے۔رویندر رینا نے فوری اثر سے نریش سنگھ جسروٹیا کو نامزد کیا۔ انہوں نے کہا کہ نریش سنگھ پارٹی کے سینئر لیڈر ہیں جنہوں نے پارٹی کے مختلف عہدوں پر موثر طریقے سے پارٹی کی خدمت کی ہے اور تنظیم کے ساتھ ان کی طویل مدتی وابستگی ہے۔ رینانے یقین ظاہر کیا کہ ان کی خدمات پارٹی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو مزید مضبوط کریں گی۔نریش سنگھ جسروٹیا نے اہم ذمہ داری کے لئے پارٹی کی سینئر قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی کو یقین دلایا کہ وہ محکمہ کو مضبوط بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔