جموں//بی جے پی جموں وکشمیر اکائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے الزام لگایا ہے کہ بھاجپا لیڈران ڈوگروں کے جذبات کے ساتھ کھیل رہے ہیں کیونکہ وہ مہاراجہ ہری سنگھ کے یو ِ م پیدائش پر23ستمبر کو سرکاری تعطیل کا اعلان کرانے میں ناکام رہے ہیں۔وارڈ نمبر5تالاب کھٹیکاں ، محلہ دلپتیاں میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملہوترہ نے کہاکہ سابقہ جموں وکشمیر ریاست میں ہوئے آخری اسمبلی انتخابات میں پی ڈی پی کے ساتھ اقتدار میں آنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم ِ پیدائش پر سرکاری تعطیل کا اعلان کرانے میں ناکام رہی۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈران نے ڈوگروں کے جذبات کے ساتھ کھیلا ہے اور اہلیان ِ جموں کے ساتھ کئے ہوئے وعدے پر سمجھوتہ کیا، بھاجپا جھوٹے پن اور گمراہی کے لئے ایکسپوز ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب وہ جموں وکشمیر میں راست حکمرانی کر رہے تھے، تب اُنہوں نے ڈوگروں کے تمدن وثقافت کے لئے کچھ نہ کیا اور اب تاریخی مبارک منڈی محل کو ایک ہوٹل میں تبدیل کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے جوکہ انتہائی قابل اِ اعتراض ہے ۔ اگر بی جے پی نے جموں کے ڈوگروں کے جذبات کے ساتھ مزید کھیلاتو یہ خطرناک ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ بی جے پی جو کہ اِس وقت بلاواسطہ طور جموں وکشمیر پر حکمرانی کر رہی ہے، کو لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھیلنے سے باز رہنا چاہئے، ہم لوگوں کے ساتھ ہیں اور ثقافتی ورثے کو ہوٹل میں تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے حکومت سے کہاکہ وہ اِس فیصلے پر نظرثانی کرے۔
اپنی پارٹی اقلیتی سیل میں دو ممبران کی تقرریاں
جموں//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے مائنارٹی سیل میں دو ممبران کی تقرریاں عمل میں لائی ہیں۔ اِن کی تجویز صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے پیش کی تھی جن کو پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے منظوری دے دی۔ پریس بیان کے مطابق رجندر سنگھ دتہ کو صوبائی کارڈی نیٹر جموں صوبہ اور جنمیت سنگھ بالی کو صوبائی سنیئر نائب صدر کشمیر بنایاگیاہے۔