جموں//بی جے پی اقتدار کی خاطر کسی بھی مدعے کے ساتھ سمجھوتہ کر سکتی ہے،جسکی وجہ سے یہ پارٹی عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے۔ ان باتوں کا اظہار سابقہ وزیر و جے کے پی سی سی کے نائب صدر مولہ رام نے یہاں رائے پور ،دومانہ کے گھڑی دیہات میں ہفتہ کے روز ایک جموں۔ پونچھ پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی اُمیدوار رمن بھلہ کی حمایت میں منعقدہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی لوگوں کو بیوقوف بنا رہی ہے اور اپنے سیاسی مفاد کے لئے انکے مذہبی و علاقائی جذبات کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ مودی سرکار کی کمزور پالسیوں کی وجہ سے سرحدوں پر ہمارے بہادر فوجیوں کی قربانیاں دینی پڑ رہی ہیں۔انہوں نے مودی سرکار پر سرحدی لوگوں اور کسانوں کو فراموش کرنے کا الزام دیا ،جسکی وجہ سے ان لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے سرحدوں پر موجودہ صورتحال کے لئے سابقہ پی ڈی پی۔بی جے پی سرکار کو ذمہ وار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار کے دوران سرحدوں پر دراندازی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔پارٹی کے ضلع صدر ہری سنگھ نے کہا کہ لوگ بی جے پی کی پالسیوں سے تنگ آچکے ہیں اور بدلائو چاہتے ہیں،جسکی عکاسی حال ہی میں راجستھان ، ایم پی، اور چھتیس گڑھ کے حالیہ اسمبلی انتخابات سے ہورہی ہے۔انہوں نے رائے پور دومانہ حلقہ کے ووٹروں سے کانگریسی امیدوار رمن بھلہ کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی، تاکہ جموں خطہ کے عوام کا وقار بحال ہو۔رام پال، مدن لعل، پنچ رمیش چند، پوجا دیوی، چودھری دیوا، سورج بڈیال ،ماسٹر اودھو رام ، پریتم چند، صوبیدار میجر رمیش چندر اور کیپٹن رام لعل نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔