یو این آئی
جموں //سرحدی حفاظتی فورس( بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل نتن اگروال نے بدھ کو جموں کے اکھنور سیکٹر میں مختلف سرحدی چوکیوں کا دورہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ سرحدوں پر تعینات افواج اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ نتن اگروال کے ساتھ سپیشل ڈائریکٹر جنرل، پی وی راما شاستری اور انسپکٹر جنرل ڈی کے بورا بھی تھے۔
بی ایس ایف چیف نے بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف کی تعیناتی کا جائزہ لیا۔ ترجمان کے مطابق بی ایس ایف سربراہ منگل کے روز تین روزہ دورے پر جموں وارد ہوئے۔ منگل کے روز انہوں نے سانبہ میں اگلی چوکیوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہاکہ بی ایس ایف سربراہ نے سرحدوں پر تعینات افواج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال کے بارے میں بھی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا، “انہوں نے بی ایس ایف جوانوں کو سرحد پر موثر تسلط میں اپنا بہترین کام جاری رکھنے کی تلقین کی تاکہ سرحد پار سے مسلسل چیلنجوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
“انہوں نے بتایا کہ فوج کی کوششوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔انہوں نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف کو سینئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔انہیں مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔