عظمیٰ نیوز ڈیسک
کولکاتہ// بنگال کے مالدہ ضلع میں راہل گاندھی کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا ہے۔ کل بھارت جوڑو نیائے یاترا بنگال پہنچ گئی ہے۔ سفر کے دوران کانگریس لیڈر کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔ کچھ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر پتھراؤ کیا۔ جس گاڑی میں وہ سفر کر رہے تھے اس کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ یہ حملہ مالدہ کے ہریش چندر پور علاقے میں اس وقت ہوا جب یاترا بہار سے دوبارہ مغربی بنگال میں داخل ہو رہی تھی۔کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے دعویٰ کیا کہ بدھ کو ایک کار جس میں راہل گاندھی مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں ‘بھارت جوڈو نیائے یاترا’ کے ایک حصے کے طور پر سفر کر رہے تھے، نامعلوم افراد نے پتھراؤ کیا۔ اس واقعے میں گاڑی کی پچھلی کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا لیکن گاندھی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔اس واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ‘پیچھے سے کسی نے پتھر پھینکا ہوگا، پولس نظر انداز کر رہی ہے، یہ واقعہ لاپرواہی کی وجہ سے ہوا، کوئی بڑا واقعہ بھی ہوسکتا ہے’۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا بدھ کو دوبارہ بنگال میں داخل ہوگئی۔اس دوران یاترا مالدہ اور مرشدآباد سے گزرے گی۔ حالانکہ اس سے پہلے کانگریس نے ممتا حکومت پر یاترا کے لیے تعاون نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔