یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت کی پالیسیوں اور اصلاحات کے نتیجے میں آج ہندوستان دنیا کے سب سے قابلِ اعتماد سرمایہ کاری مراکز میں شمار ہونے لگا ہے۔انہوں نے ممبئی میں منعقدہ سٹی انڈیا کانفرنس 2026 سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ملک میں مینوفیکچرنگ، کاروبار میں آسانی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مستقبل کی ٹیکنالوجی اپنانے اور عالمی تجارت کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے لیے حکومت کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا۔اس کانفرنس میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماں نے شرکت کی۔ گوئل نے کہا کہ ہندوستان بدستور دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہے اور آئندہ دو دہائیوں تک اس کی ترقی کی رفتار بلند رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے بدلتے ہوئے جغرافیائی اور اقتصادی حالات کے مطابق اپنی پالیسیوں اور کاروباری حکمتِ عملیوں کو ازسرِنو ترتیب دے کر چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کیا ہے اور تجارت، صنعت، مینوفیکچرنگ اور سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مرکز بنا ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کینیڈا اور امریکہ میں سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماں کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں سے ہندوستان کی اقتصادی صلاحیتوں پر عالمی اعتماد واضح ہوتا ہے۔ انہوں نے مجوزہ بھارت-کینیڈا آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مثبت ردِعمل اور پنشن فنڈز، انشورنس کمپنیوں اور دیگر ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا ذکر کیا۔