عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر اور وزیر تعلیم وصحت سکینہ ایتو نے منگل کو پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ثانی الذکرعوام کے مفادات پر اقتدار کو ترجیح دیتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ محبوبہ مفتی ہی جموں و کشمیر کو درپیش سیاسی اور آئینی دھچکے کیلئے ذمہ دار ہیں۔ نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے سکینہ ایتونے کہاکہ پی ڈی پی،بی جے پی حکومت کے خاتمے کے بعد نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کی طرف سے دی گئی غیر مشروط حمایت کوپی ڈی پی صدرنے مسترد کر دیا، اس یقین دہانی کے باوجود کہ نیشنل کانفرنس کوئی وزارتی عہدہ یا عہدہ نہیں مانگے گی۔ انہوںنے کہاکہ جب بی جے پی نے ملی جلی حکومت سے حمایت واپس لی تو ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صرف بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے غیر مشروط حمایت کی پیشکش کی تھی۔ لیکن اس نے اس حمایت کو مسترد کر دیا کیونکہ وہ کرسی پر رہنا چاہتی تھی۔سکینہ ایتونے دعویٰ کیا کہ پی ڈی پی،بی جے پی اتحاد کے دوران کئے گئے فیصلوں کے نتیجے میں آرٹیکل370 اور آرٹیکل 35 اے کی منسوخی، ریاست کا درجہ کھونے اور جموں و کشمیر کو درپیش دیگر چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ آج کوئی ریاستی حیثیت نہیں ہے، آرٹیکل 370 نہیں، آرٹیکل 35A نہیں ہے، ہزاروں جیلوں میں ہیں اور لوگوں کو بے پناہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ان فیصلوں نے جموں و کشمیر کو اس مرحلے تک پہنچا دیا ہے۔سکینہ ایتونے حالیہ انہدامی مہموں پر بی جے پی پر بھی تنقید کی، اور الزام لگایا کہ یہ کارروائی غیر متناسب طور پر غریب لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے جبکہ بااثر تجاوزات کرنے والوں کو بچایا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ صرف غریب لوگوں کو ہی کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے؟۔سکینہ ایتونے کہاکہ اگر بااثر افراد نے بڑی زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے تو ان کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔ قانون کو یکساں طور پر لاگو کیا جانا چاہیے۔