جموں //لوک جن شکتی پارٹی کے یوتھ صدر اور ترجمان سنجے صراف نے بھاجپا کی مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کشمیری مہاجرین پنڈت کمیونٹی کو درپیش مسائل کو حل کر نے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔جموںمیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حال ہی میں حکومت کی جانب سے غریب طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے آیو شمان بھارت اسکیم کو شروع کیا گیا ہے لیکن اس اسکیم میں بھی پنڈت طبقہ کیلئے کچھ مخصوص نہیں رکھا گیا ہے ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری مہاجرین پنڈتوں کیلئے مذکورہ اسکیم میں حصہ مخصوص رکھا جائے ۔سنجے صراف نے کہاکہ حکومت کی جانب سے مہاجرین کو صرف رہائش کی سہولیت فراہم کی جارہی ہے لیکن اس کے علاوہ ان مہاجرین کو بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے۔موصوف نے کہاکہ ہجرت کے دوران ان مہاجرین نے اپنا پورا کار وبار کھو دیا جبکہ حکومت کی جانب سے بھی ان کو مناسب بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مہاجرین پنڈتوں کو دیگر شہریوں کے برابر ہر ایک اسکیم کا فائدہ پہنچایا جائے ۔اس موقعہ پارٹی کے اقلیتی سیل کے ریاستی صدر سنجے رینہ ،خواتین سیل کی ریاستی صدر انتیا چاندپوری ودیگران بھی موجود تھے ۔