ڈودہ+بڈگام// بٹوت کشتواڑ سڑک پر ایک دلدوز حادثہ کے دوران گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 3خواتین سمیت 5افراد لقمہ اجل بن گئے۔ ڈوڈہ بٹوت شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک 4 سالہ بچی معجزاتی طور پر بچ گئی۔جو تین گھنٹوں کے بعد ایک کھائی میں ملی۔آنیہ دختر اجیت سنگھ نے اپنی والدہ، بھائی و دادی کو اس حادثہ میں کھویا ۔یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب شام 7بجکر 10منٹ پربغیر رجسٹریشن ایک ایکو گاڑی ڈوڈہ سے بٹوٹ جارہی تھی، جس کے دوران گاڑی رگی نالہ کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیول انتظامیہ اور رضاکاروں کی ٹیمیں یہاں پہنچ گئیں اور بچائو کارروائیاں شروع کیں۔ ایس ایس پی ڈوڈہ ممتاز احمد نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ شام 7بجے ڈوڈہ سے 20کلومیٹر دور رگی نالہ، جو عصر پولیس اسٹیشن کے علاقے میں آتا ہے، کے نزدیک ایک ایکو گاڑی زیر عارضی رجسٹریشن نمبرJK2021/TRo335Aپر ڈرائیور قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی حادثہ کا شکار ہوئی۔ ایس ایس پی ڈوڈہ نے کہا کہ پولیس اور مقامی لوگ جائے واردات پر پہنچ گئے ہیں اور گاڑی کو باہر نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایک دوشیزہ لاپتہ ہو گئی تھی جو تین گھنٹے کے بعدزندہ ملی ۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین میں 2مرد، 3خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاشیں جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کی گئی ہیں۔ ان کی شناخت راکیش کمار بھگت ولد دتا رام بھگت، چندر ریکھا اہلیہ راکیش کمار، ببلی دیوی، سمرتی دیوی شامل ہے۔