اوڑی//بونیار اوڑی میں آگ کی ایک واردات میں رہائشی مکان اور گائو خانہ خاکسترہوگیا ہے۔ اتوار کی صبح 4 بجے کے قریب بونیار اوڑی میں عبدالاحد تانترے کے رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی اور چند ہی منٹوں میں آگ نے مکان اور گاو خانے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دو منزلہ مکان اور گائوخانہ مکمل طور خاکستر ہو گیا اور مکان میں موجود لاکھو روپے کا سامان اور زیورات بھی راکھ ہوگئے۔ پولیس اور مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی بلکہ سی آئی ایس ایف محکمہ کے فائرٹینڈر نے بھی آگ بجھانے کی کارروائی عمل میں لائی لیکن رہائشی مکان کو نہیں بچا سکے تا ہم آگ کو پھیلنے پر قابو پالیا۔آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوئی۔ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے ریڈ کراس کے تحت متاثرہ کنبے کیلئے تیس ہزار روپے بطور امداد منظورکئے۔ادھراوڑی کے سلطان ڈھکی نامی گائوں میں اس وقت ایک خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے جب یہ افراد نزدیکی علاقہ تھالہ میں گھاس میں اچانک آگ لگی جو آن ہی آن پورے علاقے میں پھیل گئی۔زخمیوں میں تین افراد ایک ہی کنبے سے تعلق رکھتے ہیں۔زخمی افراد کی شناخت ساجد احمد ولد عبد الرزاق ،عبدالرشید ولد عبدالکریم ترک، راشی بیگم زوجہ عبدالکریم،واحد احمد ولد عبدالرشید اور مفاد احمد ولد یونس احمد میر کے بطور ہوئی ہے۔ ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجہ کیلئے سب ضلع اسپتال اوڑی منتقل کیا گیا۔پولیس آفیسر نے بتایاکہ سجاد احمد نامی شہری زیادہ جھلس گیا ہے جسے گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ منتقل کیا گیا ہے۔