کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے متعدد علاقہ جات اس دورجدید میں بھی سڑک سہولیات سے محروم ہیں اور لوگوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کشتواڑ ضلع کے علاقہ بونجواہ کی بیشتر آبادی پہاڑوں پر رہایش پذیرہے اور متعد علاقوں میں سڑک رابطہ نہیں ہے جسکے سبب ان لوگوں کو مریضوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کیلئے سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔چند روز قبل مگسلو مہوری میں ایک شخص کام کے دوران گرگیا اور اسے شدید چوٹیں آئیں تو مقامی لوگوں نے اسے بہتر علاج کیلئے پرائمری ہیلتھ سینٹر بونجواہ منتقل کیا اور علاقہ میں سڑک رابطہ نہ ہونے کے سبب اسے پندرہ کلومیٹر تک چارپائی پر اٹھاکر تحصیل ہیڈکوارٹر بونجواہ منتقل کیا گیا۔ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں جبکہ اس سے قبل بھی بونجواہ کے کئی علاقوں سے حاملہ خاتون و مریضوں کو چارپائی پر اٹھاکر ہیلتھ سینٹر منتقل کیا جاتارہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ دہنوت مہوری و ٹیکن کیلئے سڑک کی تعمیر کا کام کئی سال قبل شروع ہوا لیکن آج تک اسکو مکمل نہ کیا گیا جس سے عوام میں سخت ناراضگی ہے۔انھوں نے بتایا کہ الیکشن کے وقت ان سے ووٹ حاصل کرنے کی غرض سے بڑے بڑے وعدے کیے جاتے ہیں لیکن ان کو عملی جامہ نہیں پہنایا جاتا۔انھوں نے بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر سے علاقہ کو جوڑنے والی دوندی بونجواہ سڑک بھی خستہ حالی کا شکار ہے اور ابھی تک اسے مکمل نہیں کیا گیا ۔انھوں نے بتایا کہ انتظامیہ کو علاقہ میں تعمیر و ترقی کی خاطر افسران کو سخت ہدایت جاری کرنی چاہئے تاکہ زیرالتوا کاموں کو جلد ازجلد مکمل کیا جاسکے تاکہ علاقہ کی عوام کو مزید مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ بونجواہ کی کل آبادی 30000نفوس پر مشتمل ہے اور آج بھی متعدد مقامات پر بنیادی سہولیات کا فقدان پایاجاتا ہے۔