صوفیہ// بلغاریہ میں ایک مسافر بس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 46 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ بلغاریہ ہائی وے پر گزشتہ شب 2 بجے کے قریب بس میں اس وقت آگ بھڑک اٹھی جب متعدد مسافر سو رہے تھے۔ بس میں 50 سے زائد مسافر سوار تھے۔مسافر بس ترکی سے شمالی مقدونیہ جا رہی تھی۔ جھلس کر ہلاک ہونے والوں میں کمسن بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔حادثے کے بعد 7 افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حادثے کی وجہ کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بس ایک ہائی وے گارڈ ریل سے ٹکرائی جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ شمالی مقدونیہ کے سفارت خانے کے نمائندوں نے ایک ہسپتال کا دورہ کیا جہاں چند متاثرین کو لے جایا گیا تھا۔حادثے کے فوراً بعد لی گئی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ بس شعلوں میں لپٹی ہوئی تھی اور جائے وقوع سے سیاہ دھواں اٹھ رہا تھا۔بلغاریہ کے نگراں وزیر اعظم اسٹیفن یانیف نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر متاثرین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔