عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے بدھ کے روز ہفتہ وار بلاک دیوس پروگرام کے تحت بلاک کالاکوٹ کے سیالسوئی علاقے میں ایک عوامی رابطہ کیمپ کی صدارت کی، جہاں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کرکے اپنے مسائل اور مطالبات انتظامیہ کے سامنے رکھے۔پروگرام کے آغاز پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالوں کا معائنہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات اور فلاحی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مقامی باشندوں نے سڑکوں کی تعمیر، پینے کے پانی کی قلت، جل جیون مشن اسکیموں کی تکمیل، صحت مراکز میں عملے کی کمی، ایمبولینس سہولیات، منریگا کی زیر التوا اجرتوں اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق متعدد مسائل کو اجاگر کیا۔
متعلقہ محکموں کے افسران نے عوام کو یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات اور ترقیاتی مسائل کا فوری اور وقت مقررہ کے اندر ازالہ یقینی بنایا جائے، جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جائے۔اس موقع پر مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں کے بارے میں بیداری پروگرام بھی منعقد کیے گئے، جن میں جننی سرکشا یوجنا، وایہ وندنا یوجنا، پی ایم ماندھن یوجنا اور پی ایم اٹل پنشن یوجنا شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ عوام میں بیداری مہم کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ تمام مستحق افراد ان اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس دوران اہل مستحقین میں وایہ وندنا کارڈ بھی تقسیم کیے گئے۔کالاکوٹ-سندربنی حلقہ کے رکن اسمبلی ٹھاکر رندھیر سنگھ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے دیانتداری سے کام کریں اور لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس عوامی رابطہ پروگرام میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کالاکوٹ محمد تنویر، پروجیکٹ آفیسر آئی سی ڈی ایس ہرپال سنگھ، سپرنٹنڈنگ انجینئر پی ڈبلیو ڈی منظور احمد، چیف پلاننگ آفیسر مقصود احمد، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ عاقل نوید، ضلع ترقیاتی افسر محمد نواز، ضلع سماجی بہبود افسر عبدالرحیم، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منوہر لال رانا، چیف ایگریکلچر آفیسر ڈاکٹر خالد نجیب سمیت دیگر ضلع و سیکٹر سطح کے افسران بھی موجود تھے۔