لندن//دنیا میں عالمی وباء کورونا وائرس کی پہلی ویکسین 90سال کی خاتون کودی گئی۔برطانوی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کی پہلی ویکسین شمالی آئرلینڈ کی 90 سالہ خاتون مارگریٹ کینان کو فائزر اور بایو این ٹیک کی کورونا ویکسین لگائی گئی ۔خیال رہے کہ امریکی اور جرمن دواساز کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ ان کی کورونا ویکسین کسی بھی نقصان کے بغیر 95 فیصد مؤثر ہے جب کہ برطانیہ نے گزشتہ ہفتے ویکسین کے وسیع پیمانے پر استعمال کی اجازت دی تھی۔برطانوی محکمہ صحت کے حکام نے وسیع پیمانے پر آزمائش اور آزادانہ طور پر جائزہ لینے کے بعد منگل کے روز کووڈ۔19 ویکسین کی پہلی خوراک دے دی اوراس کے ساتھ ہی حفاظتی ٹیکوں کے عالمی پروگرام کا آغاز ہو گیا ہے۔پہلا شاٹ صبح سویرے ملک کے ایک ہسپتال میںدیا گیا جہاں برطانیہ کے پروگرام کے ابتدائی مرحلے کو’وی ڈے‘ کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔انگلینڈ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے چیف ماہر افسر شمعون اسٹیونس نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس ہر امکان موجود ہے کہ ہم منگل کے دن کو کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فیصلہ کن موڑ کی حیثیت سے دیکھیں گے۔جس خاتون کو پہلی مرتبہ ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی وہ اگلے ہفتے91سال کی عمر کو پہنچنے والی دادی مارگریٹ کینن ہیں اور انہیں یہ خوراک مقامی وقت کے مطابق صبح6بجکر 31 منٹ پر یونیورسٹی ہسپتال کوونٹری میں دی گئی۔کیینن کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کو باعث اعزاز سمجھتی ہیں کہ وہ پہلی شخص ہیں جنہیں کووڈ۔19 کی ویکسین کا ٹیکہ لگایا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سالگرہ سے قبل دیا گیا سب سے بہترین تحفہ ہے جس کی میں خواہش کر سکتی تھی کیونکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ میں نئے سال پر اپنے گھر پر خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزار سکتی ہوں۔ابتدائی 8 لاکھ خوراکیں نرسنگ ہوم کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ 80سال سے زائد عمر کے افراد کو دی جائیں گی جو یا تو ہسپتال میں داخل ہیں یا انہوں نے ہسپتال میں داخل ہونے کیلئے وقت لیا ہوا ہے۔جن بزرگ افراد کو قطرے پلائیں جائیں گے، ان میں نیو کاسل سے تعلق رکھنے والے ہری شکلا بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب مجھے ٹیلیفون کال موصول ہوئی تو میں بہت پرجوش تھا کہ مجھے اس عمل میں شامل ہونے اور اس میں حصہ لینے کا موقع ملا، لہٰذا ہم بہت خوش اور شکر گزار ہیں۔