جموں//نیشنل کانفرنس کی طرف سے ریاستی سرکار کو ’انتہائی بد عنوان اور نا اہل‘قرار دئیے جانے پر حکمران اتحاد میں شامل بی جے پی آتش زیر پا ہے ،یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں بھاجپا نے آج کہا کہ لوگوں کو بخوبی علم ہے کہ کون ان کا خیر خواہ ہے اور کون نہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز نیشنل کانفرنس کے اراکین اسمبلی نے ضلع ترقیاتی بورڈ کے ریویو اجلاس سے واک آئوٹ کر دیا تھااور اس کے بعد پریس کانفرنس منعقد کر کے صوبائی صدر دیویندر سنگھ رانا اور ڈاکٹر کمل اروڑہ نے مرکز سے مطالبہ کیا تھا کہ دی جانے والی رقومات کے تصرف کی تحقیقات کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی مقرر کی جائے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی ترجمان انل گپتا نے پریس کے لئے جاری بیان میں نیشنل کانفرنس کی طرف سے مبینہ بد عنوانیوں کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دئیے جانے کے مطالبہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس پر کئی گھوٹالوں کے الزامات ہیں اور انہیں ان کی جوابدہی کی فکر کرنا چاہئے ۔انہوں نے جموں کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن اور این آر ایچ ایم گھوٹالہ کی تحقیقات سی بی آئی سے کروانے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس علاحدگی پسند رحجانات کو ہوا دینے کے علاوہ یہاں کے لوگوں کے ساتھ امتیاز کرتی رہی ہے جسے جموں کے لوگ کبھی برداشت نہیں کریں گے۔گپتا نے کہا کہ جموں کے لوگ اس بات کو جانتے ہیں کہ کون ان کا خیر خواہ ہے اور کون سیاسی فوائد کیلئے انہیں بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے ۔دیویندر رانا کی طرف سے حکومت کی بد عنوانیوں کے خلاف مہم شروع کرنے کے اعلان کا ذکر کرتے ہوئے بھاجپا ترجمان نے کہا ہے کہ این سی عوامی حمایت کھو نے کے بعد اب بی جے پی ورکروں کو ڈرانے دھمکانے پر اتر آئی ہے ۔