نئی دہلی//مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ مرکزی بجٹ نے شد و مد اور اصلاحات کے ذریعے بھارت کے آتم نربھر بننے کی راہ تیز کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 کے حالات سے متاثر ہونے والی معیشت کی شرح ترقی کو بڑھانے میں بجٹ سے مدد ملے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سرکار نے جن اصلاحات کا آغاز کیا ہے ان سے بھارت کی معشیت کا دنیا کی چوٹی کی معیشتوں میں شمار ہوگا۔ نرملا سیتا رمن نے کل لوک سبھا میں 2021-22 کے مرکزی بجٹ پر عام بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرکار نے چیلنج کو ایک موقع کے پر طور پر لیا اور معیشت کی طویل مدتی ترقی کے لئے اقدامات شروع کئے گئے۔ بجٹ سے متعلق لوک سبھا میں ہونے والی بحث کے جواب میں سیتارمن نے کانگریس اور اس کی قیادت پر سخت حملہ کیا اور کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرے اور عوام کے تئیں اس کے احتساب کو یقینی بنائے ۔انہوں نے گیارہ فروری کے ایوان میں بجٹ پر بحث کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے کسانوں پر دیئے گئے ان کی تقریر کے حوالہ سے 10سوالات پوچھے اور کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ وہ لگاتار ہندوستان کو نیچا دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر مالیات نے کہا کہ 11 فروری کو مسٹر راہل گاندھی نے آئینی عہدے پر بیٹھے اسپیکر کی توہین کی تھی۔