اننت ناگ//جنوبی قصبہ بجبہاڑہ میں مشتبہ جنگجوئوں نے 162 ٹیرٹوریل آر می اہلکار پر نزدیک سے گولیاں چلاکر اسے ابدی نیند سلا دیا ۔ پولیس نے بتایا کہ جبلی پورہ بجبہاڑہ میں اس وقت افر ا تفری کا ماحول پیدا ہوا جب نا معلوم مسلح افراد نے ٹیریٹوریل فوجی اہلکار پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا ۔ زخمی اہلکار کو ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ علاج و معالجہ کیلئے منتقل کر دیا گیا اور اس کی حالت نازک دیکھ کر اسے مزید علاج و معالجہ کیلئے میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ اہلکار چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا۔ مہلوک اہلکار کی شناخت محمد سلیم آخون ولد غلام حسن آخون ساکنہ گوری وان بجبہاڑہ کے بطورکی گئی۔ حملے کے بعد پورے علاقے کو محاصرے میںلیا گیا اور مسلح جنگجوئوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔ پولیس نے معاملے کی نسبت پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میںکیس درج کر لیا اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔