عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ اور شمالی ضلع بارہمولہ کے اْوڑی سے تعلق رکھنے والے دو عوامی وفود نے کل اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری سے ملاقات کی اور اْنہیں متعدد عوامی مسائل اور شکایات سے آگاہ کرتے ہوئے اْن سے گزارش کی کہ وہ ان مسائل کو فوری طور حل کرانے کیلئے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں۔بجبہاڑہ سے آئے ایک وفد نے بخاری سے ملاقات کے دوران انہیں بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے لنگن بل، بجبہارہ اور سری گفوارہ سمیت کئی علاوہ میں واقع سیاحتی مقامات مسلسل بند پڑے ہیں۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ ان سیاحتی مقامات کی طویل عرصے سے بندش کے باعث سینکڑوں خاندانوں جن کے روزگار کا انحصار سیاحتی شعبے پر ہے، بْری طرح متاثر ہورہے ہیں۔
بخاری نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے کو حکومت کی اعلیٰ ترین سطحوں پر اٹھائیں گے اور جنوبی کشمیر سمیت وادی کے دیگر حصوں میں بھی بند پڑے سیاحتی مقامات کو فوری طور پر دوبارہ کھولنے کی اپیل کریں گے۔اس موقع پر اپنی پارٹی کے جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر اور پارٹی کے ضلع صدر اننت ناگ مفتی محمد سرور بھی موجود تھے۔دریں اثنا، پہاڑی فورم کے ارکان پر مشتمل ایک وفد نے بھی اپنی پارٹی کے صدر سے ملاقات کر کے انہیں بعض مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد کے ارکان نے اپنی برادری کو درپیش متعدد مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اوڑی کی آبادی کو ایس ٹی درجے کے تحت لانے کی مانگ کی۔بخاری نے وفد کے ارکان کو بغور سْنا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو انتظامیہ کی مناسب سطح پر اٹھائیں گے۔