جموں // کارپوریٹر وارڈ نمبر 48 شام لعل بیسن کی قیادت میں بدھ کے روز باہو فورٹ کے مکینوں نے بوریہ پمپنگ اسٹیشن کالیکا کالونی ،گورکھا نگر جموں میں پانی کی قلت کو لیکر ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔ایک بیان کے مطابق مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بیسن نے کہا کہ باہو فورٹ کی عوام گذشتہ56 برسوں سے پانی کی سخت قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس علاقہ کو گُذشتہ تین برسوں سے آلودہ پانی مہیا کیا جارہا ہے کیونکہ محکمہ تباہ ہوئی پائپوں کو بدلنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے الزم لگایا کہ ہفتہ میں دو مرتبہ علاقہ کو پانی کی سپلائی فراہم کی جا رہی ہے،وہ بھی بغیر کسی شیڈول کے۔انہوں نے کہا کہ بطور کار پوریٹر انہوں نے علاقہ کو روزانہ کی بنیادوں پر پانی مہیا کرنے کے لئے کافی محنت کی لیکن محکمہ صحت عامہ چھوٹے موٹے رسائو بھی بند کرنے میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بدھ کے روز احتجاج عوام کا محکمہ کی ناقص کارکردگی کے خلاف ان کا غصہ ہے۔مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈ لیکر محکمہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ صدر سریارا سبھا باہو فورٹ بہادر لعل نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا اور کہا کہ بوریہ پمپنگ اسٹیشن کا پانی نروال، سینک کالونی و غیرہ علاقوں کو فراہم کیا جاتا ہے لیکن باہو فورٹ کو اس سے محروم رکھا گیا ہے۔گورکھا نگر کے صدر ڈوگرہ سبھا ویشنو کپور نے بھی مظاہرہ میں شرکت کی۔بعد میں محکمہ صحت عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر جے پی سنگھ نے میکنکل ڈویژن کے عملہ کے ہمراہ مظاہریں سے باتچیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ یہ معاملہ اعلیٰ حکام کے ساتھ اُٹھائیں گے ،تاکہ علاقہ کا مسئلہ حل ہو ۔اس کے بعد مظاہرین پر امن طور سے منتشر ہوئے۔