بانہال // کشمیر یونیورسٹی کی طرف سے بدھ کے روز ہوئے انیسویں کنووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں 2012 سے کشمیر یونیورسٹی کے ہر شعبہ میں ٹاپرس کو گولڈ میڈل اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے۔اس کنووکیشن میں ضلع رام بن کی تحصیل کھڑی کے دوردراز علاقہ باٹے باس شگن سے تعلق رکھنے والے عربی کے طالب علم محمد زبیر وانی ندوی ولد مرحوم غلام رسول وانی صاحب نے شعبہ عربی میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ یہ گولڈ میڈل انہیں لیفٹیننٹ گورنر منہوج سنہا کے ہاتھوں پیش کیا گیا۔زبیر احمد وانی بچپن سے ہی ذہین تھے اور انہوں نے اپنی تعلیم میں شگن کے دوردراز علاقے کی سختیوں اور پسماندگی کو آڑے نہیں آنے دیا۔ زبیر احمد ندوی نے اپنی ابتدائی تعلیم پانچویں تک پرائمری اسکول باٹیباس شگن میں حاصل کی اور بعد میں مدرسہ تعلیم الاسلام شگن بانہال میں ہی دینی علوم کی ابتداء حاصل کرنا شروع کی اور اسی مدرسہ سے انہوں نے دار العلوم نور الاسلام کے اورینٹل کالج ترال کا سفر کیا اور عربی اول سے عربی فضیلت تک کی تعلیم دارالعلوم نورلاسلام ترال سے حاصل کی اور یہاں کشمیر یونیورسٹی کے تحت ہوئے امتحان میں زبیر احمد نے اعلی نمبرات سے کامیابی حاصل کی۔ یہاں سے فراغت کے بعد 2010 میں زبیر احمد وانی ندوی نے دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ ریاست اترپردیش میں عربی ادب و زبان میں عالمیت کی ڈگری حاصل کی۔ دارلعلوم ندوہ سے فراغت کے بعد علم کے حصول کیلئے زبیر احمد نے کشمیر یونیورسٹی کا رخ کیا اور ایم اے کے انٹرنس امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرکے ایم اے عربک میں داخلہ حاصل کیا۔ انہوں نے 2015 کے سیشن میں چاروں سمسٹرس میں اول پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل کو اپنے نام کیا اور بدھ کے روز ہوئی تقریب میں انہیں لیفٹیننٹ گورنر منہوج سنہا ہاتھوں گولڈ میڈل اور سند سے نوازا گیا۔اس موقع پر کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد ، ڈاکٹر فاروق عبد اللہ، رجسٹراڈ پروفیسر نثار احمد وغیرہ موجود تھے۔زبیر احمد وانی کی کامیابی پر انہیں سماج کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے خوشی اور مبارکباد کا اظہار کیا ہے۔