محمد تسکین
بانہال // بانہال میں 02 اگست سے جاری بانہال پریمیر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے جاری ہیں اور وادی چناب میں پہلی بار یہ کرکٹ مقابلے ٹورنامنٹ بجلی کے قمقموں میں کھیلے جارہے ہیں اور اس کیلئے بانہال پریمیر لیگ کے چیف آرگنائزر دانش فاروق میر نے ذاتی رقوم خرچ کرکے انتظامات کئے تاکہ پہلی بار رات کے اوقات میں میچ کھیلے جائیں۔ بانہال پریمیر لیگ میں ریاستی اور بیرون ریاستی 64 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں سب ڈویژن بانہال اور سب ڈویژن رامسو کے تماشائی رات میں کھیلے جارہے کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے دیکھ رہے ہیں۔ بانہال پریمیر لیگ کا افتتاح 02 اگست کو ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے کیا تھا۔یہ ٹورنامنٹ مقامی نوجوان کرکٹر دانش فاروق میر نے کھولا ہے اور ان مقابلوں میں دہلی اور ہریانہ سمیت ریاست جموں و کشمیر کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو نہ صرف اپنا ہنر دکھانے کا موقع مل رہا ہے بلکہ یہ ٹورنامنٹ نوجوانوں کو دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ بانہال پریمیر لیگ میں کرکٹ کا جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں تماشائی آدھی رات تک جاری رہنے والے میچ نہایت ہی جوش و جذبے کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔ تماشائیوں کی بھاری تعداد کی وجہ سے قصبہ بانہال اور ہائیر سیکنڈری سکول بانہال کے گرائونڈ میں اور باہر کسی میلے کا سماں ہوتا ہے۔ تماشائیوں کے رش کی وجہ سے ہوٹلوں میں کھانا پینے کا سامان ختم ہو جاتاہے اور درجنوں لوگ ان مقابلوں کو دیکھنے آرہے تماشائیوں کی وجہ سے اچھی اور اضافی کمائی بھی کر رہے ہیں ۔بی پی ایل کے چیف آرگنائزر دانش فاروق میر کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں دہلی ، ہریانہ ، جموں ، سرینگر ، کٹرہ ، کشمیر ، رام بن اور بانہال کی ٹیموں کے دلچسپ مقابلے ہوں۔ انہوں نے مکمل تعاون کیلئے ضلع ، سب ضلع اور تحصیل انتظامیہ ، محکمہ بجلی ، پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بوائز بانہال، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ،عام لوگوں اور سوشل میڈیا کے علاوہ صحافی برادری کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔