عظمیٰ نیوز سروس
بانہال// جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس سٹوڈنٹس یونین ضلع رامبن کے سوشل میڈیا انچارج، مہران وانی نے بانہال میں بال یونیورسٹی کیمپس کے قیام سے متعلق بل متعارف ہونے پر ممبر اسمبلی بانہال، حاجی سجاد شاہین صاحب کی سنجیدہ کوششوں، غیر متزلزل عزم اور دور اندیش قیادت کی سراہنا کرتے ہوئے کہا ہیکہ نیشنل کانفرنس کے سنئیر لیڈر اور ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین کی طرف سے بانہال ۔ گول کی ہمہ گیر تعمیر وترقی کا یہ باب سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں مہران وانی نے کہا کہ یہ اہم سنگ میل خطے کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھولے گا اور ان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپس کے قیام سے خاص طور پر اُن غریب طلبہ کے خواب شرمندۂ تعبیر ہوں گے جو مالی مشکلات کے باعث کالج کے بعد اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پاتے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت اپنے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی اس کی اولین ترجیح ہے۔ مہران وانی کے مطابق بانہال میں یونیورسٹی کیمپس کا قیام آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔