سرینگر //بانڈی پورہ میں تین افراد نے مبینہ طور ایک لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے اسے اغواء کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے چھڑ چھاڑ اور اغواکاری کی کوشش کے الزام میں تین افراد کوگرفتار کرکے ان کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔کے این ٹی کے مطابق بانڈی پورہ بدھ کو پولیس نے تین افراد کو مبینہ طور ایک لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا۔یہ واقعہ ضلع کے چیوا علاقے میں اْس وقت پیش آیا جب تینوں ملزمان ایک گاڑی میں سوار تھے اور انہوں نے مبینہ طورمذکورہ لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔ لڑکی نے اس موقع پر چیخنا چلانا شروع کیا جس سے مقامی لوگ جائے مقام کی طرف متوجہ ہوگئے اور انہوں نے لڑکی کو بچالیا۔بعد ازاں تینوں کو پولیس نے گرفتار کرکے اْن کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا۔ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے بتایا کہ تینوں کی گرفتاری عمل میں لاکر معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ملک نے تاہم گرفتار شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ادھر مقامی لوگوں نے اس واقعے کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملزمین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاکر انہیں قرار واقعی سزا دیں۔