اعجاز میر
سرینگر //ضلع بارہمولہ میں بہت ساری جگہیں ایسی ہیں جو ابھی تک عام لوگوں اور کیمپنگ کرنے والوں کی نظروں سے اوجھل رہی ہیں۔بارہمولہ اور گلمرگ کا درمیانی علاقہ اس قدر خوبصورت ہے کہ الفاظ میں بیان کرنا بھی مشکل ہے۔ یہ شیری کے بائیں جانب وہ سبزہ زار کے وسیع العریض علاقے ہیں جو حد نگاہ تک جاتے ہیں۔گھنے جنگلات کے بیچ اس علاقے میں وہ سب کچھ ہے جو کیمپنگ کیلئے ضرورت ہے۔بارہمولہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سے صرف 16-17کلومیٹر دور خوبصورت علاقے ناروا ئومیں واقع گواس 2,000 میٹر سے زیادہ کی اونچائی پر، یہ ابھرتا ہوا سیاحتی مقام فطرت سے محبت کرنے والوں کا خواب ہے، جس میں سرسبز و شاداب وادیوں، دیودارکے بلند و بالا درختوں کے بے ہنگم جنگلات، اور ہمالیہ کے دلکش نظارے ہیں۔
چونکہ یہ ابھی بھی مرکزی دھارے کے سیاحوں کے ریڈار سے دور ہے، گواس واقعی پرامن فضا کی پیشکش کرتا ہے۔ یہ اتنا قدیم ہے کہ نایاب تتلیاں جیسے کشمیر میڈو برائون حال ہی میں ان جنگلوں میں دوبارہ دریافت ہوئی ہیں۔چاہے آپ یہاں پرسکون ٹریک، نیچر فوٹوگرافی، یا جموں و کشمیر کی خوبصورتی میں ڈوبنے کے لیے آئے ہوں، گواس ضرور جانا چاہیے۔یہاں دیودار کے لمبے پیٹر،گھنی جھاڑیاں، پانی کے بہتے چھوٹے جھرنے اور دور دور تک نظر آنے والے بلند و بالا پہاڑی سلسلہ ہے جس نے اس علاقے کو چھوٹی سی وادی میں تبدیل کردیا ہے۔ شیری پٹرول پمپ سے بائیں جانب اس علاقے تک پہنچنے کا راستہ ہے۔شیری سے زم زم پورہ، پالہ دجی، گوری وان تک روڑ بنا ہوا ہے جہاں عام گاڑی سے جانے میں کوئی دشواری نہیں ہے لیکن یہاں سے آگے صرف فور بائی فور گاڑی سے جاسکتے ہیں ورنہ پیدل ہی ایک یا ڈیڑھ کلو میٹر کا راستہ ہے۔
یہ مسافت طے کرنے کے بعد’گواس‘ کا وسیع سبزہزار آتا ہے جہاں آرام سے کئی گھنٹے بیٹھ کر خوبصورتی کو محسوس کیا جاسکتا ہے۔یہاں پہاڑی کے اوپر ایک چھوٹا سا گائوں بھی آباد ہے، جہاں صرف کوٹھے ہیں،جہاں گرمی کے دنوں میں گوجر آکر رہتے ہیں۔یہ لوگ یہاں کیمپنگ کرنے والے کیلئے معاون بنتے ہیں۔گواس سے نکل کر 3گھنٹے تک پیدل چل کر کنن کا علاقہ آتا ہے۔یہ دوسری ہی دنیا ہے، جہاںوسیع سبزہ زار، گھنے جنگلات اور پانی کے جھرنے کا سلسلہ استقبال کرتے ہیں۔یہاں سے تھوڑا فاصلہ طے کرکے’ لئین‘ کا علاقہ آتا ہے، جو انتہائی قابل دید ہے۔ ایک گھنٹہ مزید چل کر’ ژور کھڈن‘ کے علاقے میں داخل ہوتے ہیں۔مار خور کے جنگلی جانوروں کا مسکن یہ علاقہ ایک طرف بوٹہ پتھری گلمرگ اور دوسری جانب لمبر وائلڈ لائف پناہ گاہ سے ملتا ہے۔ژور کھڈن کے سبزہ زار انتہائی اونچائی پر ہیں ،لہٰذا یہاں کی خوبصورتی کا اندازہ بھی لگانا بہت مشکل ہے۔ژور کھڈن سے ایک گھنٹے کی مسافت پر بوٹہ پتھری گلمرگ کا علاقہ ہے ۔یہ بیچ کا علاقہ وادی کشمیر کے ان اوجھل علاقوں میں سے ایک ہے جہاں ابھی تک بہت کم لوگوں کا آنا جانا ہوا ہے۔گنے چنے مقامی کیمپنگ کرنے والے یا کچھ نوجوانوں کے گروپ ہی اس علاقے میں دیکھے گئے ہیں لیکن سرکاری طور پر اسکی تشہیر نہ ہونے کے برابر ہے اور اسی لئے اس علاقے کو آج تک سامنے نہیں لایا جاسکا ہے۔