بارہمو لہ //محکمہ ناپ تول نے بارہمولہ میں بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے بھاری مقدار میں جعلی ٹوٹھ پیسٹ ضبط کئے جبکہ 2کوئنٹل سبزیاں اور پھل ضائع کرکے 23800روپے جرمانہ وصول کیا۔ اس دوران اوڑی اور ٹنگمرگ میں بھی ایسی کارروائیاں کرکے مرتکب دکانداروں پر ہزاروں روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کی ہدایت پر لیگل میٹروجی یونٹ بارہمولہ نے بازار کا معائنہ کیاجس کے دوران بھاری مقدار میں جعلی ٹوٹھ پیسٹ ضبط کئے گئے۔ محکمہ ناپ تول کے اسسٹنٹ کنٹرولر مدثر رشید کی سربراہی میں ٹیم نے بازاروں اورپیٹرول پمپوںکا معائنہ کیا۔ ٹیم نے دکانوں کا معائنہ کیا جس کے دوران چند دکانداروں سے سینسوڈائن اور کولگیٹ ٹوتھ پیسٹ کے30سے زیادہ پیکٹ ضبط کئے گئے ۔ ضبط کی گئی مصنوعات معروف کمپنیوں جیسے GlaxoSmithKline اور کولگیٹ پامولیو کی مصنوعات کے ساتھ یکساں طور پر پیک کی گئی پائی گئیں۔ مدثر رشید کاکہنا ہے کہ محکمہ کو باربار یہ شکایتیں موصول ہوئیں کہ بازاروں میں جعلی مصنوعات فروخت کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوامی شکایات کانوٹس لیتے ہوئے محکمہ نے جمعہ کو بازاروں کامعائنہ کیا اور محکمہ ناپ تول کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں سے ضبط کی گئی مصنوعات کے بیچ نمبرات کو اصلی ٹوٹھ پیسٹ تیار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ شیئر کیا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ غیر قانونی طور پر جعلی ٹوتھ پیسٹ فروخت کرنے کو برداشت نہیں کیا جائیگا اورمرتکبین کیخلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائیگی۔ انہوںنے صارفین کو ایسی جعلی ٹوتھ پیسٹ خریدنے سے خبردار کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ ایسی مصنوعات خریدتے وقت محتاط رہیں جو ایسی مصنوعات سے بالکل مماثل نظر آئیں جس کی وجہ سے صارفین کو حقیقی مصنوعات اور جعلی چیزوں کے درمیان فرق کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ انہوںنے صارفین کومطلع کیا کہ جعلی ٹوتھ پیسٹ پردرآمد کنندہ کا نام ،پتہ اورقیمت درج نہیں ہوتی ہے ، اگر ایسی کوئی مصنوعات صارف کی نوٹس میں آجاتی ہے تو اُسے محکمہ کے کو فوری مطلع کرنا چاہئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر محکمہ مال، پولیس، میونسپلٹی ، فوڈ اور دیگر متعلقہ محکموں نے ضلع میں بازاروںکا معائنہ کیا اور فٹ پاتھوں سے چھاپڑی فروشوں کو ہٹایا تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاوہ ازیں متعدد پیٹرول پمپوں کا بھی معائنہ کیا کہ وہ صارفین کو برابر مقدار میں ایندھن فراہم کررہے ہیں۔ گلمرگ میں مرتکبین دکانداروں سے گلمرگ میں10,900روپے، اوڑی سب ڈویژن میں6100روپے، سوپور میں4,050روپے ، پٹن میں1900روپے اور بارہمولہ میں850روپے بطور جرمانہ وصول کیاگیا۔