اندور//یو این آئی// اندور کے ہولکر اسٹیڈیم کی ٹرن لینے والی پچ پر آسٹریلیا نے میزبان ہندوستان کو کھیل کے ہر شعبے میں شکست دے کر چار میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ نو وکٹ سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے ۔ جمعہ کو میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کو جیت کے لیے صرف 76 رن کا ہدف حاصل کرنا تھا، جو ٹریوس ہیڈ (49ناٹ آؤٹ) اور مارنس لیبوشگن (28ناٹ آؤٹ) کی جوڑی نے صرف 18.5اوور میں حاصل کر لیا۔ آسٹریلیا کے تجربہ کار اسپنر نیتھن لیون نے جمعرات کو ہی ہندوستان کی دوسری اننگز میں آٹھ وکٹیں لے کر آسٹریلیا کے حق میں میچ کا نقشہ تیار کردیا تھا جس پر ٹریوس اور مارنس کی جوڑی نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے آج میچ پر مہر ثبت کردی۔ اگرچہ ہندوستان کے اسٹار اسپنر روی چندرن ایشون نے اپنے پہلے ہی اوور میں عثمان خواجہ کی وکٹ حاصل کرکے آج قدرے جوش پیدا کیا، لیکن آسٹریلیا کے بلے بازوں نے ہندوستانیوں کو مزید کوئی موقع فراہم کیے بغیر فتح کا ہدف حاصل کرلیا۔ ہندستان نے پہلی اننگز میں 109 رن بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 197 رن بنا کر 88 رن کی اہم برتری حاصل کر لی تھی۔ دوسری اننگز میں ہندوستان کی کارکردگی قابل رحم تھی کیونکہ پوری ٹیم 163 رن پر سمٹ گئی، مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 76 رن کا معمولی ہدف ملا۔ آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر 78 رن بنا کر یہ مکمل کرلیا۔ ہندوستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 7 سے 11 جون تک انگلینڈ کے اوول میں کھیلا جائے گا۔ ہندستان کو چیمپئن شپ کے خطابی میچ میں داخل ہونے کے لیے اب کسی بھی قیمت پر چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ جیتنا ہوگا۔ اگر ہندوستان اس میں ناکام رہتا ہے تو اسے سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کے نتیجے پر انحصار کرنا پڑے گا۔