یو این آئی
نئی دہلی// وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بارڈر روڈس آرگنائزیشن / جنرل ریزرو انجینئر فورس کی جانب سے مختلف پروجیکٹ کاموں کے لئے وابستہ غیر مستقل اجرت والے مزدوروں (سی پی ایل) کو 10 لاکھ روپئے کی انشورنس سہولت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔ گروپ (ٹرم) بیمہ اسکیم کے تحت غیر مستقل اجرت والے مزدوروں (سی پی ایل) کی کسی بھی قسم کی موت پر ان کے خاندان یا قریبی رشتے دار کوبیمہ کے طورپر 10 لاکھ روپئے کے بقدر بیمہ رقم فراہم کی جائے گی۔وزارت دفاع نے ہفتے کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پر خطر کام کی جگہیں، خراب موسم، ناگوار خطہ اور پیشہ ورانہ صحت کے خطرات والے حالات میں تعینات سی پی ایل کی زندگی کے سنگین خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اوران کی مصروفیات کے دوران ہونے والی اموات پر غورکرتے ہوئے انسانی بنیاد پر بیمہ کوریج کا التزام سی پی ایل کے لئے حوصلے بلند کرنے والا ٹھوس قدم ثابت ہوگا۔یاد رہے کہ وزیر دفاع نے حال ہی میں سی پی ایل کی بہتری کے لیے متعدد فلاحی اقدامات کو منظوری دی تھی۔ ان میں جسد خاکی کی حفاظت اور نقل و حمل اور خدمت گار کی سواری بھتے کی سہولت۔ آخری رسومات کی امداد 1000 روپئے سے بڑھا کر 10000 روپئے کیا جانا اور موت واقع ہونے کی صورت میں فوری مدد کے طور پر 50000 روپئے کی ایکس گریشیا کی پیشگی ادائیگی شامل ہے ۔