محمد تسکین
بانہال //پیر کی سہہ پہر بعد سے رات دیر تک رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں خوب بارشیں ہوئیں اور کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ بانہال ، رام بن اور گول کے اوپری پہاڑوں میں تازہ مگر ہلکی ہلکی برفباری بھی ہوئی ہے۔ منگل کی صبح سے موسم صاف تھا اور کھلی کھلی دھوپ نکل آئی تھی۔ پیر اور منگل کی رات رام بن اور چندرکوٹ کے علاقوں میں تیز بارشیں ہوئی اور کئی مقامات پر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ملبہ بھی گر آیا تاہم اسے فوری طور ہٹا کر شاہراہ کو قابل آمدورفت بنائے رکھا گیا ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی رات رامبن اور بانہال سیکٹر میں درمیانہ درجے کی بارشیں ہوئیں جو کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باوجود شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری ہے اور منگل کی صبح سے شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا ۔