عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ایڈیشنل ایس پی پونچھ ڈاکٹر اجے شرما نے سرحدی سب ڈویژن مینڈھر کا تفصیلی دورہ کرکے علاقے کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے نمائندوں، نوجوانوں اور پولیس اہلکاروں سے تبادلہ خیال کیا۔ دورے کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانا اور عوام و سیکورٹی اداروں کے درمیان بہتر تال میل کو فروغ دینا تھا۔دورے کے دوران ایڈیشنل ایس پی پونچھ نے ایس ایچ او مینڈھر کے دفتر میں ایک اہم امن کمیٹی اجلاس کی صدارت کی، جس میں مختلف مذہبی برادریوں کے نمائندوں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس ایچ او مینڈھر حبیب پٹھان، انچارج ایس او جی مینڈھر سب انسپکٹر نثار احمد اور پی ایس آئی عابر خان بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران ڈاکٹر اجے شرما نے بالخصوص محرم الحرام کے پیش نظر فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کی فضا کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان اتحاد، تعاون اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ اس موقع پر شرکاء نے پولیس انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے علاقے کے پْرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔بعد ازاں ایڈیشنل ایس پی پونچھ نے او پی ہل گراؤنڈ مینڈھر کا دورہ کیا، جہاں ڈاکٹر مسعود چودھری میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں، نوجوانوں اور شائقینِ کرکٹ سے ملاقات کرتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی مشتبہ، غیر سماجی یا ملک مخالف سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ڈاکٹر اجے شرما نے مینڈھر کے عوام کی بہادری، حب الوطنی اور قومی خدمات کے جذبے کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کو پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کرنے کی ترغیب دی بعد میں انہوں نے پولیس پوسٹ منکوٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں ایس او جی مینڈھر، ایس او جی گورسائی اور ایس او جی منکوٹ کے اہلکاروں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر انچارج پی پی منکوٹ پی ایس آئی پرویز علی، انچارج ایس او جی مینڈھر ایس آئی نثار احمد اور انچارج ایس او جی منکوٹ اے ایس آئی نوحیل احمد خان بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ایڈیشنل ایس پی نے اہلکاروں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مزید چوکس رہنے، اعلیٰ سطح کی نگرانی برقرار رکھنے اور امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پوری لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہتر رابطہ، جسمانی فٹنس، مناسب ڈیوٹی روسٹر اور انسانی انٹیلی جنس نظام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔