جموں// نیشنل پینتھرز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں پچھلے چار سال کے دوران ہوئے غیر متوقع اضافہ کے خلاف مظاہرہ کیا ۔پارٹی چیئرمین ہرشدیو سنگھ کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے پریس کلب جموں میں بی جے پی کی قیادت والی مرکزی سرکار کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے بی جے پی کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ مظاہرین نے کہاکہ پچھلے چاربرسوں میں بھاجپا نے ملک بھر کے اندر عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ تازہ افراط زر کے رحجانات نے لوگوں کو ذہنی طور پریشان کر دیاہے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی خام تیل کی قیمت میں سال 2014-15کے مقابلہ سال 2017-18میں اوسطاً کم بڑھوتری ہوئی جبکہ ہندوستان میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی دس گنا بڑھا دی۔انہوں نے مزید کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب ملک بھر میں جی ایس ٹی نظام متعارف کیاگیا تو پٹرولیم مصنوعات کو اس سے باہر رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ہرشدیو سنگھ نے کہاکہ جموں صوبہ کے اندر بی جے پی کے دوغلے پل، دھوکہ دہی اور وعدہ خلافی کوایکسپوز کرنے کے لئے پینتھرز پارٹی کونے کونے میں احتجاج کریگی۔ انہوں نے حکومت ہند سے کہاکہ ڈیزل اور پٹرول پر عائد بھاری ایکسائز ڈیوٹی ہٹائی جائے۔