عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//مرکزی حکومت نے ایک اہم حکم نامہ جاری کرتے ہوئے صنعتی، تجارتی اور ادارہ جاتی صارفین کو عام پٹرول پمپوں سے بڑی مقدار میں پٹرول اور ڈیزل خریدنے سے روک دیا ہے۔حکومت کے مطابق مغربی ایشیا کی صورتحال کے باعث عالمی تیل سپلائی اور ترسیل متاثر ہوئی ہے، جبکہ بڑی صنعتوں اور اداروں نے کم قیمت کی وجہ سے ریٹیل پمپوں سے ایندھن خریدنا شروع کر دیا تھا۔دہلی میں جہاں عام پمپ پر ڈیزل تقریبا **95.20 روپے فی لیٹر** فروخت ہو رہا ہے، وہیں بلک صارفین کے لیے اس کی قیمت134.50 روپے فی لیٹرہے۔
اسی فرق کی وجہ سے بڑے صارفین ریٹیل پمپوں کا رخ کر رہے تھے۔صنعتی، تجارتی اور ادارہ جاتی صارفین ریٹیل پٹرول پمپوں سے ایندھن نہیں خرید سکیں گے۔انہیں بلک سپلائی مراکز یا اپنے صارف پمپوں سے ایندھن حاصل کرنا ہوگا۔ڈیزل صرف گاڑیوں کے ٹینک یا منظور شدہ کنٹینرز میں فروخت کیا جائے گا۔ ایک صارف یا گاڑی کو روزانہ 200لیٹرسے زیادہ ڈیزل نہیں دیا جائے گا۔حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد عام شہریوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی مسلسل دستیابی یقینی بنانا، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کو روکنا اور ممکنہ قلت سے بچنا ہے۔