اننت ناگ//جنوبی کشمیر کی( این آئی اے عدالت (اننت ناگ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ناہیدہ نسرین اور صوفی فہمیدہ سمیت 8 افراد کے خلاف فرد جرم عائد کی ہے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے این آئی اے ایکٹ کے تحت نامزد خصوصی جج ، جاوید عالم کی عدالت میں الزامات طے کئے گئے۔ پولیس اسٹیشن اننت ناگ کی ایف آئی آر نمبر 60/2018 کی دفعہ 147 ، 148 ، 149 ، 341 ، 336 ، 307 ، 427 ، 120-B RPC 3/4 PPPD ایکٹ 18 کے تحت تقریباً 3 سال کے وقفے کے بعد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ آسیہ اندرابی اور اس کی 2 ساتھی ناہیدہ اور فہمیدہ اس وقت تہاڑ جیل میں قید ہیں اور انکے خلاف الزامات ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے طے کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل کیس 6/12/2018 کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا اور تقریبا ً3 سال کے وقفہ کے بعد آسیہ اندرابی سمیت تمام 9 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ تیار کی گئی ۔آسیہ اندرابی اور دیگر ملزمان پر ملک کے خلاف مجرمانہ سازش رچانے اور امن و امان کو خراب کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ان پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہجوم کو پتھروں سے لیس اور نجی اور پولیس کی گاڑیوں اور سکیورٹی فورسز پر پتھرا کرانے کیلئے اکساتے تھے۔ آسیہ اور دیگر کو طلبہ کو اکسانے کا الزام بھی لگایا گیا ہے جنہوں نے تشدد کا سہارا لیا اور عسکریت پسند کمانڈر ذاکر موسی کے حق میں نعرے لگائے۔