سرینگر// جموں و کشمیر بینک اور ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (EPFO) کے درمیان ایک اہم آپسی معاہدہ پر دستخط کئے گئے ، جس کی رو سے بینک، ایمپلائز پنشن اسکیم1995کے تحت متعلقہ ادارے کے ایجنٹ کے طور کام کرے گا۔ یہ معاہدہ یکم اپریل2021سے لاگو ہوگا۔ EPFOکے سینٹرل بورڈ آف ٹرسٹیز کی طرف سے معاہدہ پر ریجنل پراویڈنٹ فنڈ کمشنر جموں کے۔ رمیش نے دستخط کئے جبکہ جموں و کشمیر بینک کی جانب سے گورنمنٹ بزنس آپریشنز کے پریزیڈنٹ راکیش کول نے دستخط کئے۔آپسی معاہدہ کے مطابق بینک کی تین شاخوں ریزیڈنسی روڈ سرینگر،، شالیمار روڈ جموں اور لداخ مین میںٹرسٹیز کے سیونگس اکاؤنٹ کھولے جائیںگے۔ اس معاہدے کو ایک سنگ میل قراردیتے ہوئے بینک کے پریزیڈنٹ راکیش کول نے کہا کہ پنشن واگزاری کیلئے EPFOکا ہم پر اعتاد اور بھروسہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے اور اس معاہدے سے یہاں کے لوگوں اور اداروں کو کافی راحت محسوس ہوگی۔EPFOکے علاقائی کمشنر نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں پراویڈنٹ فنڈ جمع کرنے کیلئے جموں و کشمیر بینک کا انتخاب کیاہے جس کیلئے پچھلے سال اگست میں ایک آپسی معاہدہ طے پایا تھا اور یہ بینک اب آن لائن تمام نوکری فراہم کرنے والے اداروں سے پراویڈنٹ فنڈ و دیگر ادائیگی رقومات کو وصولنے کا مجاز ہوگا۔