رام بن//لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے رام بن کا دورہ کیا اور شری امر ناتھ جی کے یاتریوں کیلئے ضلع میں رہائشی سہولیات کو بڑھانے کے مقامات کا معائینہ کیا۔ ڈویڑنل کمشنر جموں ، انسپکٹر جنرل سی آر پی ایف ، ایڈیشنل سی ای او ایس اے ایس بی ، ڈپٹی کمشنر رام بن ، اے ڈی سی اور دیگر متعلقہ افسران مشیر موصوف کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے 28 جون سے شروع ہونے والی شری امر ناتھ جی یاتریوں کی سہولت کیلئے رام بن میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے نشاندہی کی گئی مختلف جگہوں کا معائینہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ یاتریوں کیلئے مناسب سہولیات کا انتظام کیا جائے تا کہ یاتریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پرنسپل سیکرٹری نے شری امر ناتھ جی یاتریوں کو قیام کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے نشاندہی شدہ مقامات پر فوری طور پر منصوبوں کی تشکیل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے حفاظتی انتظامات کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے سوچھ بھارت مشن کے تحت لنگر سائیٹ پر بیت الخلاء قائم کرنے کیلئے کہا۔ پرنسپل سیکرٹری کو بتایا گیا کہ دھلواس ، پیڑاہ ، چندر کوٹ ، مروگ ، سیری ، ڈگڈول ، مگر کوٹ ، رام سو اور گنڈ ایڈیل کوٹ میں ایس بی ایم بیت الخلاو ¿ں کیلئے لگ بھگ 10 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پرنسپل سیکرٹری نے خراب موسم کے پیش نظر یاتریوں کی سہولت کیلئے تمام تر اقدامات اٹھانے کی ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی۔