جموں// جموں وکشمیر پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے جکارتہ میں جاری ایشین گیمز2018میں ’ووشو‘کھیل میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کانسہ تمغہ جیتنے والے جموں کے بھنو پرتاپ سنگھ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی پولیس میں بطور ڈی ایس پی تقرری کی حکومت سے سفارش کریں گے۔ڈی جی ایس پی وید نے بھنو پرتاپ سنگھ کے اعزاز میں یہاں پریس کلب جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کہا’یہ پوری ریاست کے لئے فخرکا مقام ہے کہ یہاں کے نوجوان نے عالمی سطح پر ہندوستان کا نام روشن کیا، ایسے نوجوان ہمارے لئے اثاثہ ہیں، جن کی عزت افزائی اور قدر کرنا ہمار افرض ہے‘۔ا نہوں نے کہاکہ وہ بھنو پرتاپ کی پولیس میں بطور ڈی ایس پی تقرری کی سفارش کریں گے، ان کی جیت متعلق پہلے ہی گورنر کے مشیر اجے کمار جوکہ محکمہ داخلہ کے انچار ج ہیں ، سے بات بھی کی ہے۔ جموں شہر کے مٹھی علاقہ سے تعلق رکھنے والے بھنو پرتاپ سنگھ نے انڈونیشیا میں60کلوگرام مین کٹاگری میں فلپائن کے اپنے حریف کو کوارٹر فائنل میں شکست دیکر کانسا کا تمغہ جیتا تھا۔ سیمی فائنل میں وہ ایران کے عرفان انگریرین سے ہار گئے تھے۔ اس سے قبل پیر کے روز جموں پہنچنے پر بھنو پرتاپ سنگھ کا والہانہ استقبال کیاگیا۔ انہیں ائرپورٹ سے ایک بڑے قافلہ جس میں سینکڑوں گاڑیاں شامل تھیں، کی صورت میں گھر تک لایاگیا ،اس دوران نوجوانوں میں کافی جوش وخروش دیکھاگیا۔ووشو کے قومی کوچ کلدیپ ہانڈوبھی ان کے ہمراہ تھے۔یو این آئی