عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
کولمبو//سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں رات سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹس کے مطابق کولمبو میں آئندہ دنوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے ایشیا کپ کے میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔کولمبو میں ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچز 9 ستمبر سے شروع ہوں گے جس کے لیے پاکستان، سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیمیں کل سہ پہر کولمبو پہنچ گیئں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم پہلے ہی کینڈی سے کولمبو پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 2 ستمبر کو پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا پاک بھارت میچ بھی بارش کے باعث ختم کر دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کرکٹ کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو با آسانی 7 وکٹ سے ہرا دیا تھا۔پاکستان ایشیا کپ میں اپنا سپر فور مرحلے کا دوسرا میچ 10 ستمبر کو کولمبو میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔۔ اگر کولمبو میں خراب موسم کے باعث میچز واش آؤٹ ہوتے ہیں تو بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں مشکل میں پڑسکتی ہیں۔دونوں ٹیمیں 3،3 پوانٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر موجود ہیں اور نیٹ ریٹ میں بہتر ہونے والی ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گی تاہم اگر نیٹ ریٹ پر بھی مقابلہ ٹائی ہوتا ہے تو فیصلہ ٹاس کے ذریعے کیا جائے گا۔بنگلہ دیش پہلے ہی سپر فور مقابلوں میں سے ایک میں شکست کا سامنا کرچکا ہے، مزید واش آؤٹ کی صورت میں اس کے پاس صرف دو پوائنٹس رہ جائیں گے اور وہ فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔دوسری جانب اگر 17 ستمبر کو ایونٹ کے فائنل میں بارش مداخلت کرتی ہے اور میچ پورا نہیں ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا جائے گا۔