دبئی؍171 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔اتوار کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ جو ابتدا میں تو ٹھیک رہا لیکن سری لنکا نے بھنوکا راجاپکسا کے 71 ناٹ آؤٹ اور ہسارنگھا ڈی سلوا کے 36 رنز کی بدولت 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ساتھ ہی ٹی20 میں اپنی 50 وکٹیں بھی مکمل کیں۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تو بغیر کسی بال کے ہی ایکسٹرا کی مد میں نو رن بن گئے۔حسب معمول دونوں اوپنرز نے کھیل کا سست آغاز کیا اور چوتھے اوور میں پرامود مدوشن نے بابر اعظم کو پانچ رنز پر پویلین بھیج دیا۔ اس سے اگلی ہی گیند پر فخر زمان بھی بولڈ ہو گئے۔افتخار احمد نے حسب معمول سست بلے بازی کی۔ ان کی رضوان کے ساتھ 54 گیندوں پر 71 رنز کی شراکت داری بنی۔ وہ 31 گیندوں پر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد نواز تھے وہ چھ رنز بنا کر چمیکا کرورتنے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔محمد رضوان نے 49 گیندوں پر 55 رنز کی سست اننگز کھیلی اور ہسارنگھا ڈی سلوا کو چھکا مارنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اسی اوور میں ہسارنگھا نے آصف علی اور خوشدل شاہ کو بھی پویلین واپس بھیج کر پاکستان کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی۔\سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس اور پاتھم نسانکا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن نسیم شاہ کی تیز رفتار ان سوئنگ نے مینڈس کو صفر پر بولڈ کر دیا۔پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ میں نصف سینچری بنا کر اپنی ٹیم کو جتوانے والے پاتھم نسانکا چوتھے ہی اوور میں حارث رؤف کی گیند پر ہٹ مارنے کی کوشش میں بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے۔