ممبئی//یو این آئی// بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے منگل کو کہا کہ ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرے گی اور ٹورنامنٹ تیسرے مقام پر منعقد ہوگا۔شاہ نے یہاں بی سی سی آئی کی جنرل میٹنگ کے بعد کہاکہ “ایشیا کپ 2023 کسی تیسرے مقام پر منعقد کیا جائے گا۔ میں یہ ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کے طور پر کہہ رہا ہوں۔ ہم (ہندوستان) وہاں (پاکستان) نہیں جا سکتے ، وہ بھی یہاں نہیں آ سکتے ۔ ماضی میں بھی ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر منعقد ہو چکا ہے ۔اے سی سی نے ابھی تک اس معاملے پر بات نہیں کی۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے مطابق ایشیا کپ 2023 کے علاوہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی بھی کر رہا ہے جب کہ ورلڈ کپ 2023 کی میزبانی ہندوستان کو کرنی ہے ۔