بلاور //پسماندہ طبقہ جات کے مفادات کی نگہبانی کرنے کے لئے قائم آل انڈیا کنفیڈریشن برائے ایس سی،ایس ٹی و او بی کی ایک میٹنگ بلاور کے گاﺅں میں منعقد ہوئی جس میں بلاور کے علاوہ رام کوٹ تحصیل سے آئے ہوئے سینکڑوں مندو بین نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر بلاور یونٹ کی تشکیل نو کی گئی جس میں رتن چند کو صدر، سبھاش چوہان، کیپٹن تارا چند ورما اور خوشی رام نائب صدور مقرر کئے گئے۔ پورن چند جنرل سیکرٹری، پون کمار سیکرٹری ، یوسف علی و رمن کلوترہ پبلسٹی سیکرٹری، ملکھی رام چیئر مین پرما نند جوائنٹ سیکرٹری، پریتم چند سٹیج سیکرٹری، ڈاکٹر درمیز کیشیئر، روی کمار، یاسر علی ور تارا چند آرگنائزر، سروپ کمار لیگل ایڈوائزر مقرر کئے گئے ہیں۔ مقررین نے پسماندہ طبقہ جات کی حق تلفیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طبقہ کو ان کے مسائل، حقوق اور ان کے فرائض کے بارے میں بیدار کرنے کے لئے جگہ جگہ پر ایسے پروگرام منعقد کیا جانا انتہائی ضروری ہے ، یہ طبقات صدیوں سے جاگیردارانہ نظام کی وجہ سے استحصال کا شکار رہے تھے لیکن موجودہ دور میں بھی انہیں ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ اس موقعہ پر کنفیڈریشن کی قیادت کی طرف سے اٹھائے جا رہے اقدامات اور ان کی جدو جہد کی ستائش کرتے ہوئے ہر ممکن تعاﺅن کی یقین دہانی کروائی گئی۔ آئندہ 9ستمبر کو کشمیر یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی سٹیٹ کانفرنس میں شرکت کا بھی فیصلہ کیا گیا۔