عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// متعدد ہندوستانی میڈیکل طلبا بحفاظت گھر واپس پہنچ گئے ہیں کیونکہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں سے انخلا کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ بہت سے دوسرے اہم سرحدی مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔آرمینیا سے 20 طلبا کو لے کر ایک پرواز بدھ 18مارچ کو صبح 9:55 بجے نئی دہلی میں اتری۔ ایک اور پیش رفت میں 4طلبا جو پہلے سرحد پار کر چکے تھے، باکو سے صبح قریب 4بجے پہنچے۔تاہم، آذربائیجان -ایران سرحد پر صورتحال بدستور نازک ہے اور ، کئی طلبا کو سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
بہت سے لوگوں کو مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے، کیونکہ ان کی پرواز کے ٹکٹ جاری غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ضائع ہو گئے ہیں۔دریں اثنا شیراز سے 86 طلبا کامیابی کے ساتھ آرمینیا پہنچ چکے ہیں اور 20 مارچ کو روانہ ہونے والے ہیں۔ گولستان یونیورسٹی کے طلبا بھی بحفاظت آرمینیا پہنچ گئے ہیں۔مزید برآں، طلبا کی ایک خاصی تعداد اس وقت قم میں ہے، جہاں انہیں ہندوستانی سفارت خانے کی طرف سے فراہم کردہ انتظامات میں جگہ دی جا رہی ہے۔حکام تمام پھنسے ہوئے طلبا کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے ساتھ، صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔